ٹیکس ادا کرنے سے بڑی کوئی حب الوطنی نہیں ، وزیر اعظم

May 13, 2018

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کا نظام ٹیکسوں سے چلتا ہے اور ٹیکس ادا کرنے سے بڑی کوئی حب الوطنی نہیں ہے، پاکستان کی ترقی صرف جمہوریت سے وابستہ ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس میں اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انتخابات جولائی میں ہوں گے اور جو بھی حکومت آئے گی پالیسیاں جاری رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تاجر برادری کے ساتھ کیے تمام وعدے پورے کیے ہیں۔

شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کاروبار میں اضافے کے لیے ہر ممکن سہولت دی تاہم ملکی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا کیونکہ برآمدات بڑھنے سے کاروبار اور آمدن میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ملکی وسائل نہیں بڑھیں گے تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔