اسٹیل مل ملازمین کا دھرنا ختم ،ٹرینوں کی آمدورفت بحال

May 16, 2018

پاکستان اسٹیل کے ملازمین کے ریلوے ٹریک پر دھرنے کی وجہ سے ملک بھر سے کراچی کے لئے ٹرینوں کی آمدورفت کئی گھنٹے معطل رہی تاہم اب ریلوے ٹریک کو بحال کردیا گیاہے ۔

ریلوے ٹریک کی بحالی کے بعد حیدرآباد اور کوٹری ریلوےاسٹیشنوں روکی گئی 7 ٹرینوں کو کراچی روانہ کردیا گیا، پولیس حکام کے مطابق پاکستان اسٹیل کے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج پر ہیں۔

آج صبح پاکستان اسٹیل کے سینکڑوں ملازمین اسٹیل ٹاؤن کے قریب کراچی سے ملک کے مختلف شہروں کو ملانے والے ریلوے کے دوطرفہ ٹریک پر دھرنا دے کربیٹھ گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے جانے والی بیشتر ریل گاڑیاں دھرنے سے قبل روانہ ہوچکی تھیں تاہم ڈاؤن روٹ کی بیشتر ٹرینوں کی آمد شیڈول پر تھی، جس پر بہاؤالدین زکریا ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس، بزنس ٹرین، ملت ایکسپریس، مہران ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس اور تیزگام کو حیدرآباد اور کوٹری ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا تھا۔

ریلوے اور ڈسٹرکٹ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے، یوں کئی گھنٹے بعد ٹریک سے دھرنا ختم کرایا گیا اور ریلوے ٹریک کو مظاہرین سے خالی کرواکر حیدرآباد اور کوٹری ریلوے اسٹیشنوں پر روکی گئی ساتوں ٹرینوں کو کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق اگرچہ ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہوگئی ہے تاہم اس صورتحال سے ایک طرف سینکڑوں مسافروں کو تکلیف برداشت کرنا پڑی دوسری طرف کی ٹرینوں کی کراچی سے اندرون ملک روانگی متاثر ہو سکتی ہے تاہم ریلوے حکام کے مطابق ٹرینوں کو معمول کے وقت پر کراچی سے اندرون ملک روانہ کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔