پاکستانی شوبز سے پہلا مرد ’می ٹو‘مہم کا حصہ بن گیا

May 18, 2018

پاکستان شوبز صنعت میں عورتوں کے بعد پہلی بار مرد بھی’ می ٹو‘مہم کا حصہ بن گئے ،ماڈل مجاہد رسول نے فوٹو گرافر عظیم ثانی پر جنسی ہراسانی کا الزام لگا دیا ،گفتگو کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کردیے ۔

مجاہد رسول کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فیشن انڈسٹری میں جنسی ہراسانی کا کلچر رائج ہے، جہاں طاقتور مرد شخصیات کا نوجوان مرد ماڈلز کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا جانا معمول کا حصہ ہے۔


اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر ہیش ٹیگ ’وی ٹو‘ یعنی ’ہم بھی‘ کے ساتھ سلسلہ وار پوسٹس کرتے ہوئے ماڈل مجاہد رسول نے کہا کہ وہ سات، آٹھ سال سے کامیابی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، جس میں ان کو مسلسل جنسی ہراسانی کا سامنا رہا ہے۔

اس دوران ان سے معنی خیز انداز میں گفتگو کی جاتی ہے، چانس دینے کے لیے شرائط پر اصرار کیا جاتا ہے، اکیلے میں ملنے اورقابل اعتراض تصویریں شیئر کرنے کو کہا جاتا ہے۔

مجاہد رسول نے فوٹوگرافر عظیم ثانی سمیت مختلف نامعلوم شخصیات کے ساتھ اپنی گفتگو کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔

مجاہد رسول نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ جنسی ہراسانی کا نشانہ بننے والے اکیلے مرد ماڈل نہیں۔