سپریم کورٹ نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی عبوری ضمانت 7 جون تک منظور کر لی

May 23, 2018

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے سندھ پولیس میں 881 اسامیوں پر غیر قانونی بھرتیوں کے سکینڈل سے متعلق نیب کیس کے مرکزی ملزم و سابق آئی جی پولیس سندھ ، غلام حیدر جمالی کی جانب سے دائر کی گئی عبوری ضمانت سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے 7 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے جبکہ ملزم کو 5 روز کے اندر اندر ،مبلغ 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم جاری کیا ہے۔ جسٹس منظور ملک کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اورجسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے منگل کے روز ملزم غلام حیدر جمالی کی سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کی تو ملزم کی جانب سے لطیف کھوسہ ایڈوکیٹ پیش ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ جب مذکورہ کانسٹیلوں کی بھرتی کی گئی اس وقت ان کے موکل آئی جی کے عہدہ پر ہی فائز نہیں تھے۔بعد ازاں فاضل عدالت نے مذکورہ بالا حکم کے ساتھ کیس کی مزید سماعت 7 جون تک ملتوی کر دی۔