’تھپڑ مارنے کا کلچر پی ٹی آئی کا ہے‘

May 23, 2018

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہدانیال عزیز کو تھپڑ مارنا افسوس ناک عمل ہے، یہ پی ٹی آئی کا کلچر ہے،اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر مملکت برائے نجکاری دانیال عزیز کو تھپڑ مارنے کا واقعہ جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں پیش آیا ۔

پروگرام کے دوران دانیال عزیز نے نعیم الحق کو نامناسب الفاظ سے پکارا جس پر نعیم الحق نے انہیں تھپڑ مارا۔

احتساب عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیا کو ڈرایا دھمکایا جانا افسوسناک عمل ہے، ہر چیز نوٹ کی جا رہی ہے، قوم بھی ہر چیز نوٹ کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ،ایک کر کے پی ٹی آئی کے سارے پول کھل رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی نے کیا کام کیا؟ سوائے دھرنوں اور امپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے کے پی ٹی آئی کوئی قابل ذکر کارنامہ بتا دے ۔

ان کا کہنا تھا '50 ہزار میگا واٹ بجلی کہاں ہے جو تحریک انصاف نے کہا تھا اور کہاں ہے نیا پاکستان، کہاں ہے نیا خیبرپختونخوا؟، یو این ڈی پی کی رپورٹ کہہ رہی ہے کہ خیبرپختونخوا جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہے، کے پی کا موازنہ جنوبی پنجاب سے کر کے دیکھ لیں۔

نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن رٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف احتساب عدالت میں ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں نواز شریفمسلسل تیسرے روز اپنا بیان ریکارڈ کرارہے ہیں، دو روز کے دوران نوازشریف نے ایک سو اٹھائیس میں سے ایک سو تئیس سوالوں کے جواب دیے تھے۔