نیا صوبہ:فاروق ستار اور خورشید شاہ میں لفظی جنگ عروج پر

May 23, 2018

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کےسربراہ فاروق ستار نے کہا کہ نیا صوبہ بنانے کے حوالے سے چیلنج مت دیں،جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ کراچی کسی کی جاگیر نہیں جو سندھ اور پاکستان کو توڑنے کی بات کرے گا وہ لعنتی ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی گزشتہ روز کی تقریر کی بازگشت قومی اسمبلی میں سنائی دی ،فاروق ستار نے وزیراعلیٰ کی تقریر پر اعتراض کیا اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں نیا صوبہ بنانے کی سوچ آ رہی ہے،کسی شہری کی سوچ پرقدغن نہیں لگا سکتے،سوچ پرلعنت بھیجنے کی بجائے اپنی پالیسی پرلعنت بھیجیں۔

فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک طبقے کے خلاف نفرت انگیز اور تعصب سے بھری بات کی ،ایم کیو ایم نے جنوبی سندھ کا مطالبہ نہیں کیا ،ہم نے اب تک سندھ میں انتظامی یونٹس بنانے کی بات نہیں کی ۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کے بیان کے حوالے سے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری اس بیان کا نوٹس لیں، وزیراعلیٰ سندھ کے بیان پر ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ بھی کیا ۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے فاروق ستار کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کسی اور تناظر میں بات کی ہوگی، میں مہاجر لفظ کو نہیں مانتا، جو سندھ توڑنے کی بات کرے کیا وہ لعنتی نہیں ہوگا؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وشخص آپ کی اپنی جماعت کا ہے اسے تو آپ واپس کراچی نہیں جانے دیتے،وہ بے چارہ یہاں اسلام آباد میں رہتا ہے، ایسے لوگوں کوکیسے شرم نہیں آتی،اتنے آدمیوں کو قتل کرتے ہو۔