عمران خان کا چھ نکاتی ایجنڈا گیم چینجر ثابت ہوگا،مقررین

May 24, 2018

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماوں نے کہا ہے کہ عمران خان کا پہلے 100 دن کا چھ نکاتی ایجنڈا پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا اور اگلے پانچ سال میں پاکستانی عوام کی 70 سالہ محرومیاں ختم ہوجائیں گی ، عوام عمران خان کی قیادت پر متفق ہوکر پاکستان اور پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے متحد ہو جائیں ، یہ بات پی ٹی آئی ویسٹ ریجن کے صدر عبدالباری بڑیچ ، صوبائی رہنما حاجی سیف اللہ خان کاکڑ ، فرید کاکڑ اور دیگر نے بدھ کو کلی اغبرگ میں مختلف قوم پرست سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر حاجی سیف اللہ خان کاکڑ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، مقررین نے کہا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں عمران خان کے ایجنڈے پر عمل درآمد نا ممکن ہے دراصل انکے اپنے لیے اس پر عمل درآمد ناممکن ہے عمران خان کے لیے نہیں ، عمران ناممکن کو ممکن کرنے والے لیڈر ہیں ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صوبائی صدر سردار یار محمد رند ، جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری اور دیگر قائدین کی قیادت میں بلوچستان میں فعال اور منظم ہورہی ہے ، جس سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں ، 2018ء کے انتخابات میں بلوچستان پی ٹی آئی کا ناقابل تسخیر قلعہ ثابت ہوگا ، انہوں نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انکی شمولیت سے اغبرگ میں پی ٹی آئی مزید فعال اور منظم ہوگی ۔