چیونٹی کی شکل والی پُراسرار شعاعوں کا اخراج

June 05, 2018

گزشتہ دنوں یورپین اسپیس ایجنسی کے ماہرین فلکیات نے کہکشائوں کے جھر مٹ میں ستاروں کے دہرے نظام کا مشاہدہ کیا ،جس میں چیونٹی کی شکل والے سحابیہ (ant nebula)میں موجوددو ستاروں سے غیر مانوس اور غیر معمولی لیزر شعاعوں کو نکلتے دیکھا گیا ہے، جو زمین کی سطح پر پڑتی نظر آتی ہیں ۔رنگ اور روشنی کا یہ منظر نہایت دل کش لگتا ہے ۔ماہرین کے مطابق مختلف گیسوں پر مشتمل چیونٹی کی شکل والی سحابیہ سے دو طرح کی لیزر شعاعیں نکلتی ہیں ۔

یہ شعاعیں غیر معمولی ساخت رکھتی ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل خلا ء میں ایسے مناظر دیکھنے کو نہیں ملے تھے ۔اس سحابیہ میں موجود ستارے اپنے خاتمے کے قریب ہیں اور انتہائی خطرناک لیزر خارج کررہے ہیں ۔سائنس داں ڈاکٹر اسابل الیمن کے مطابق ہم نے شعاعوں کے اخراج کے جس منظر کا مشاہدہ کیا وہ ہائیڈ روجن گیس کی آپسی اختلاط کا نتیجہ تھا ،جس سے لیزر شعاعیں بنتی ہیں اور اس کے لیے ستارے میں مخصوص حالات و کیفیات ضروری ہوتی ہیں ۔ اس سے قبل ماہرین سحابیہ menzel 3 کو ہماری کہکشاں یعنی ملکی وے کا حصہ سمجھتے رہے تھے ،تا ہم 1992 ء میں پتا چلا کہ انڈرو میڈا کہکشاں میں واقع ہے اور یہ سحابیہ گرم گیسوں اور گرد وغبار پر مشتمل ہے اور لیزر کا اخراج اب تک ایک پرُ اسرار معمہ بنا ہوا ہے ۔