لیلتہ القدر....

June 10, 2018

وہ ایک تارا سحر میں چمکا

تو اُس نے دیکھا

وہ چاند نیچے زمیں پہ اُترا

تو اُس نے دیکھا

فلک نے

آنکھیں جھپک کے دیکھا

ہوا نے

رک کے، ٹھٹھک کے دیکھا

حرا میں آیا تھاآسمانوں کا

برگزیدہ بڑا فرشتہ

نبیؐ وہ پیارے، درود اُنؐ پر

پڑھا رہا تھا انہیں فرشتہ

وہ رب ہے برتر، وہ رب ہے اعلیٰ

وہ جس نے انسان کو بنایا

وہ جس نے بھیجا ہے اپنی رحمت کا خاص تحفہ

کتابِ روشن، نیا صحیفہ

جو ساتھ لائی ہے زندگی کا نیا قرینہ

اُس ایک رب کا ہی نام لے کر پڑھو، پڑھاؤ

کتاب کو زندگی بناؤ

زمین پر روشنی بڑھاؤ

زمین والو! خوشی مناؤ

زمیں پہ اُترا ہے لفظ ’’اقراء‘‘