دروازوں کے نت نئے اور جدید رجحانات

June 16, 2018

دروازہ چاہے اندرونی ہو یا بیرونی، کسی بھی عمارت اور اس کی تعمیر کا اہم اور بنیادی لوازمات میں سے ایک ہوتا ہے۔ دروازے کےبے شمار فوائدہوتے ہیں اور اس کی اہمیت ہر اس انسان کو بخوبی پتہ ہوگی، جس کے گھر میں کسی بھی قسم کا کوئی قیمتی سامان موجود ہو۔ یہ کسی بھی جگہ، انسان یا سامان کو حفاظت فراہم کرتا ہے۔ اور اگر یہ اہم چیز خوبصورت بھی ہو تو اس کا فائدہ اور دلکشی دُگنی ہوجاتی ہے۔ دروازوں کا انتخاب فن تعمیرکی ترقی کے ساتھ، بذات خود فن کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ اپنے بجٹ کے اندررہتے ہوئے موزوں، پائیداراور خوبصورت دروازوں کا انتخاب ایک مشکل اوروقت طلب معاملہ ہوتا ہے۔ ذراسی غلطی آپ کے تعمیراتی منصوبے کو متاثر کرسکتی ہے۔

استقبالی دروازے

استقبالی دروازے سے مُراد وہ دروازہ ہے، جو مرکزی دروازے سے داخل ہونے کے بعد گھر کے اندر داخل ہونے کے لیےاستعمال ہوتا ہے۔ آج کے جدید استقبالی دروازوں کی تعمیرمیں نفاست، اختراعی مہارت اور جدت کا خوب استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ لکڑی سے بنے اس خوب صورت استقبالی دروازے پر گلکاری اور روشنی کا ذہانت مندانہ استعمال کرکے اسے چار چاند لگا سکتے ہیں۔

شیشےکے دروازے

اگرآپ محفوظ اورشائستہ ماحول میں رہنا پسند کرتے ہیں تو شیشے کے دروازے آپ کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتے ہیں۔ شیشے کے دروازے مضبوط اور قابل بھروسہ ہوتے ہیں۔ ان کی صفائی آسان ہوتی ہے اور زنگ وغیرہ سے محفوظ رہتے ہیں۔ گھروں میں استعمال کے لیے شیشے کے رنگین دروازے بھی منتخب کیے جا سکتے ہیں۔شیشے کے دروازے گھر میں عموماً ڈرائنگ روم کو لاؤنج سے علیحدہ کرنے کے لیے لگائے جاتے ہیں۔

اندرونی دروازے

کسی بھی گھر میں مرکزی اور استقبالی دروازہ ایک ایک ہی ہوتا ہے، تاہم اندرونی دروازوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوتی ہے اور ان کا تعلق آپ کے گھر کی تزئین و آرائش کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔ اس لیےایک طرف جہاں مرکزی اور استقبالی دروازے میں مضبوطی کے عنصر کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، وہاں اندرونی دروازوں میں دلکشی کا عنصر فوقیت حاصل کرلیتا ہے۔ گھرمیں اندرونی دروازوں کا استعمال باورچی خانے، باتھ روم، دیوان خانے، خوابگاہ، کھانے کے کمرے، سنگھار کمرے، بچوں کے کمرے، گودام اور چھت میں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ گھر میں کوئی بھی ایسی جگہ جو گھر کے اندر موجود ہو اور اسے بند کرنے کے لیے یا حفاظت فراہم کرنے کے لیے جو دروازہ لگایا جائے اسے اندرونی دروازہ کہتے ہیں۔

اندرونی دروازوں کے لیے مواد کا استعمال لکڑی کے علاوہ اندرونی دروازے اسٹیل، المونیم، لوہے اور شیشے کے بھی ہوسکتے ہیں۔ لیکن اپنی خوبصورتی کی وجہ سے لکڑی زیادہ مقبول مواد مانی جاتی ہے۔ آپ اگر چاہیں تو جگہ کی مناسبت سے ان مواد کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ جیسے خوابگاہ میں المونیم کا دروازہ ایک اچھا انتخاب ہوگا، اسی طرح دیوان خانے میں شیشے کا دروازہ بہترین اور پُرکشش محسوس ہوگا۔ باتھ روم کی بات کی جائے تو لکڑی کا دروازہ انتہائی کارآمد ثابت ہوتا ہے۔

مرکزی دروازہ

جب ہم کسی کے گھر جاتے ہیں یا کوئی رشتہ دار اور دوست احباب مہمان بن کر ہمارے گھر آتے ہیں تو پہلی نظر اور پہلا تاثر جو ہمارے گھر کے بارے میں قائم ہوتا ہے، وہ ہمارے گھر کے مرکزی دروازہ کو دیکھ کر پیدا ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ پہلا تاثر ہی آخری بھی ہوتا ہے۔ اسی لیے سب یہی کوشش کرتے ہیں کہ مرکزی دروازے سے ایک بہترین تاثر قائم کیا جائے۔ اگر آپ کے گھر کا بیرونی حصہ شاندار ہو تو اس کا آپ کے گھر آنے والے مہمانوں پر خوشگوار اثر پڑتاہے۔ مرکزی دروازہ اس گھر میں رہنے والے لوگوں کے ذوق اور پسند کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔ گھر کا بیرونی یا مرکزی دروازہ ایسا ہونا چاہیے، جس کو دیکھ کر ہمارے اور ہمارے گھر کے بارے میں اچھی رائے قائم ہو سکے۔ مرکزی گیٹ کے لیے مضبوطی کے ساتھ ساتھ انفرادیت، جدت اور خوبصورتی بیک وقت ضروری ہوتے ہیں۔ مرکزی دروازہ ایسا ہونا چاہیے کہ وہ تخلیقی فنکاری اورماہرانہ نفاست کی ترجمانی کرتا ہو۔ برقی اور خودکار مرکزی گیٹ حفاظتی نقطہ نگاہ سے زیادہ محفوظ ہوتے ہیں، جن میں آپ کیمروں سمیت دیگر سمعی اوربصری آلات نصب کرسکتے ہیں۔

اندرونی دروازوں کا رنگ

گھر کی تزئین و آرائش اور مجموعی ڈیزائن میں اندرونی دروازوں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ اس لیے اندرونی دروازوں کا رنگ ایسا ہونا چاہیے جو آپ کے گھر کی مجموعی کلر اسکیم اور ڈیزائن میں فٹ بیٹھتا ہو۔ رنگ کسی بھی انسان کے مزاج اور جگہ کے ماحول کو مُتاثر کرنے میں بہت نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی طرح کسی بھی اندرونی دروازے کا رنگ اس سے منسلک کمرے کے ماحول اور وضع کو ضرور متاثر کرے گا۔ اسی طرح اگر گھر کی مجموعی سیٹنگ اجازت دے تو آپ اندرونی دروازوں پر ڈیزائن بھی بنواسکتے ہیں۔