راجستھان کی خاتون وزیر کو ناک ،کان کاٹنے کی دھمکی

June 14, 2018

راجپوت کرنی سینا نامی تنظیم نے راجستھان کی وزیر تعلیم کرن ماھیشوری کو ناک اور کان کاٹنے کی دھمکی دے ڈالی۔

کرنی سینا نے کرن ماھیشوری پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر راجپوتوں کا موازنہ چوہوں سے کیا تھا جبکہ وزیر کا کہنا ہے کہ ان کا اشارہ کسی خاص کمیونٹی کے لئے نہیں تھا۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران ماھیشوری سے اگلے اسمبلی انتخابات میں راجپوت سماج سنگھرش سمیتی کی طرف سے بی جے پی کے خلاف تشہیر کرنے کے فیصلے پر ان کی رائے پوچھی گئی تو انہوں نے کہا تھا کہ ، ’ایسے بھی لوگ ہیں جو برساتی چوہے ہیں اور وہ انتخابات آتے ہی بلوں سے نکل آتے ہیں۔‘

کرنی سینا نے اس بیان کے اگلے ہی روز اپنی پارٹی میٹنگ کے بعد وزیر کو فوری معافی یا سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔ کرنی سینا نے انہیں یاد دلاتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ایسے بیان دینے سے پہلے پدماوت تنازعہ کے وقت دیپکا والا واقعہ یاد رکھنا چاہئے تھا۔

کرنی سینا کے ریاستی صدر مہیپال رانا نے کہا کہ ، ’راجستھان میں راجپوت برادری کی حمایت سے بی جے پی مضبوط پوزیشن میں ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ماھیشوری نے انہی 'چوہوں کے دم پر الیکشن جیتا تھا اور اب آئندہ انتخابات میں ہم انہیں سبق سکھائیں گے۔‘

کانگریس کے ریاستی صدر سچن پائلٹ نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماھیشوری کو پوری راجپوت برادری سے معافی مانگنی چاہئے۔