ناز شاہ کا برطانوی حکومت سے پاکستان میں قتل فہد ملک اور سمعیہ شاہد کا معاملہ اٹھانے کا مطالبہ

June 19, 2018

لندن (نیوز ڈیسک ) برطانیہ کی ہوم افیئر سلیکٹ کمیٹی کی رکن اور لیبر پارلیمنٹرین ناز شاہ نے نئے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید سے کہا ہے کہ پاکستان میں 2؍ برطانوی شہریوں بیرسٹر فہد ملک اور سمیعہ شاہد کے قتل کا معاملہ اٹھایا جائے۔بریڈفورڈ ویسٹ سے لیبر ایم پی نے نئے وزیر داخلہ کو لکھے گئے خط میں ہوم افیئر سلیکٹ کمیٹی کے آخری اجلاس کے دوران ان کے وعدے کی یاد دہانی کرائی ہے ۔ اپریل کے آخری ہفتہ میں استعفیٰ دینے سے قبل امبر رد نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ مقتول کے چھوٹے بھائی جاوید ملک کی جانب سے یہ معاملہ حکومت پاکستان کے سامنے اٹھائیں گی۔ جاوید ملک انصاف کے حصول کیلئے مہم چلا رہا ہے۔ خط میں ناز شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنے عہدہ کا استعمال کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنائیں کہ فہد ملک اور سمیعہ شاہد کی فیملیز کو انصاف مل جائے اور ان کے کیسز کی سماعت جتنی جلد ممکن ہو شروع ہو جائے۔