افتخار چوہدری اب پھر رائیونڈ کی خدمت کیلئے نکل پڑے ہیں، فواد چوہدری

June 19, 2018

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے وکلاءتاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں جبکہ افتخار چوہدری انتخابات سے قبل اب پھر رائیونڈ کی خدمات کے لئے نکل پڑے ہیں۔ پیر کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی سکروٹنی کا منگل کو آخری دن ہے اور جن لوگوں پر اعتراضات تھے ان پر الیکشن کمیشن نے نظر نہیں ڈالی۔ نگراں صوبائی حکومتوں کو تیزی سے کام کرنا چاہئے لیکن نگراں حکومت کی کارکردگی بہت سست ہے۔ پنجاب، سندھ میں سابقہ حکومتوں کے وفادار بیٹھے ہیں اور پنجاب، سندھ میں اب تک انتظامیہ کو تبدیل نہیں کیا جاسکا۔ تاخیر کے باعث شریف خاندان کو مقدمات میں سزائیں نہیں ہو رہی ہیں،نظام میں تبدیلی نہیں کی جائے گی تو معاملات آگے نہیں بڑھیں گے۔ تحریک انصاف نے وفد عمران خان کی ہدایت پر بیگم کلثوم نوازکی عیادت کی ہے۔ شریف خاندان سے ہمارا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے۔9 سال سے شریف خاندان کیخلاف مقدمہ چل رہا ہے جبکہ افتخار چوہدری کے کردارسے سب واقف ہیں۔ ریحام خان پیچھے ہٹیں تو افتخار چوہدری سامنے آ گئے ہیں اور افتخار چوہدری دوبارہ رائیونڈ کے لئے کام کررہے ہیں۔افتخار چوہدری نے نواز شریف کیخلاف باتیں کیں پھرچپ ہوگئے،افتخار چوہدری کو عمران خان کیخلاف بولنے کے لئے سامنے لایا گیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ افتخار چوہدری جو کھیل کھیل رہے اس سے سیاست کو نقصان پہنچا اور پی ٹی آئی کیخلاف ن لیگ کا میڈیا سیل منظم سازشیں کررہا ہے۔چوہدری نثار کیساتھ کسی قسم کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کی۔ اس حوالے سے ہر قسم کی اطلاعات غیر حقیقی، فرضی اور بے بنیاد ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سینئر نائب صدر غلام سرور خان کو باضابطہ نامزد کر چکی ہے۔ تحریک انصاف ملک بھر میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔