گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں ہزاروں امیدواروں نے کم کاغذات نامزدگی جمع کرائے

June 19, 2018

اسلام آباد ( ایوب ناصر ، تنویر ہاشمی ) سخت انتخابی قوانین اور بیان حلفی جمع کرانے کی لازمی شرط کے باعث آئندہ عام انتخابات 2018 میں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں ہزاروں امیدواروں نے کم کا غذات نامزدگی جمع کرائے، بیان حلفی کی کڑی شرائط کے باعث 2013 کے مقابلے میں 6820 امیداوار 2018 کے انتخابات سے علیحدگی اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے جبکہ خواتین امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہو اہے ، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 اور 2013 میں کاغذات نامزدگیوں کا موازنہ جاری کردیا، 2018 کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تعداد 2013 کے مقابلے میں کم ہے۔ آئندہ عام انتخابات کیلئے امیدواروں کی تعداد میں تقریباً 7 ہزار کی کمی واقع ہوئی ، رواں انتخابات میں 21ہزار 482 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے جبکہ 2013 میں 28ہزار 302 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے تھے۔،الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2018 میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 2013 کی نسبت 2 ہزار 523 کم کاغذات نامزدگی جمع ہوئے، قومی اسمبلی کیلئے 2013ء میں 7ہزار 996 اور 2018 میں 5 ہزار 473 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے،قومی اسمبلی کیلئے خیبرپختونخوا سے 398، بلوچستان سے 4، پنجاب سے ایک ہزار 460 اور سندھ 662 کاغذات نامزدگی کم جمع ہوئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق حالیہ انتخابات میں صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں 5 ہزار 132کاغذات نامزدگی کم جمع ہوئے، صوبائی اسمبلیوں کیلئے 18ہزار825 امیدواروں سے کم ہو کر تعداد 13ہزار693ہوگئی ، سندھ اسمبلی ایک ہزار 587، پنجاب 2 ہزار 645، بلوچستان 248 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کیلئے 652 کاغذات نامزدگی گزشتہ انتخابات کی نسبت کم ہوئے، قومی اسمبلی میں خواتین کیلئے مختص نشستوں پر امیدواروں کی تعداد 350سے بڑھ کر 436 جبکہ صوبائی اسمبلیوں میں یہ تعداد 821سے بڑھ کر 1255ہوگئی ، قومی اسمبلی میں اقلیتی امیداواروں کی تعداد میں کوئی ردوبدل نہیں ہوااور 2013کی طرح اس مرتبہ بھی اقلیتی نشستوں پر 154امیدوار سامنے آئے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتی امیداواروں کی تعداد 310سے بڑھ کر 471ہوچکی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں کے الیکشن میں عدم دلچسپی کی بڑی وجہ سخت انتخابی قوانین ا الیکشن کمیشن کا تیارکردہ سخت حلف نامہ ہے جس کے پیش نظر کئی سیاستدانوں نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔