ریلوے بحالی و پا ئیداری کی درست سمت پرگامزن ہیں، وزیر اعظم

June 20, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نگراں وزیر اعظم جسٹس(ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ ریلوے بحالی اور پا ئیداری کی درست سمت میں گامزن ہےتاہم آنیوالی حکومت کے جائزہ کیلئےریلوے کو مو جودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جا مع پلان تیار کیا جا ئے،نگراں حکومت آزادانہ منصفانہ انتخابات کیلئے پرعزم ہے، سی پیک کے آنے سے ریلوے کارکردگی بہتر،سہولتوں کی فراہمی سے شیئر بڑھا سکتا ہے،چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع پلان تیار کیا جا ئے، انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز وزیر اعظم آفس میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی،وزیر اعظم کو پاکستان ریلویز کی کار کردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی، ریلوے کے انتظامی ڈھانچے ، نیٹ ورک ، ماضی کی کارکردگی اور قومی وژن 2025کے تحت مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملی،ریلوے کی بحالی، ریو نیومیں اضافہ کیلئے نئے بزنس پلان، مسافر ٹرینوں اور مال بردار شعبوں کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات سے آ گاہ کیا گیا، وزیر اعظم کو بتا یا گیا کہ سروس بہتر ہونے کی وجہ سےریلوے کیلئے مسافروں کا شیئر جو 2013میں 13فیصد تھا وہ 2017میں بڑھ کر 31فی صد ہو گیا، 2011.12 میں ریلوے کا ریونیو 15.5بلین روپے تھا جو 2017.18میں بڑھ کر 50بلین روپے ہو گیا،وزیر اعظم کو سی پیک کےتحت ریل نیٹ ورک میں توسیع کیلئے شروع کئے گئے پراجیکٹس سے بھی آ گاہ کیا گیا،اجلاس کو بتا یا گیا کہ حویلیاں سے کراچی تک ایم ایل ون ( مین لائن)کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے،یہ سی پیک کا ارلی ہارویسٹ پراجیکٹ ہے،کوٹری سے اٹک تک ایم ایل ٹو کو اپ گریڈ کرنے کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی مکمل کرلی گئی ہے،گوادر ۔ بسیمہ ۔جیکب آباد اور بسیمہ ۔ کوئٹہ ایم ایل ٹو توسیعی پراجیکٹ کی فیز یبلٹی سٹڈی کا کام جاری ہے، کوئٹہ ۔ ژوب ۔ ڈی آئی خان ۔ کوٹلہ جام ایم ایل تھری پراجیکٹ کی فیز یبلٹی سٹڈی بھی جاری ہے۔