فیفا فٹبال ورلڈ کپ: قرۃ العین بلوچ کی آواز میں بھی گانا ریلیز

June 20, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.


پاکستانی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ (کیو بی) اور انٹرنیشنل آرٹسٹ جیسن ڈیرولو کی آواز میں فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے لیے گانا ’کلرز‘ ریلیز ہوگیا۔

اس گانے کو انگریزی زبان میں گلوکار جیسن ڈیرولو نے جبکہ پنجابی اور اردو زبان میں کیو بی نے گایا ہے۔

کیو بی پہلی پاکستانی گلوکارہ ہیں جنہیں فیفا ورلڈ کپ 2018 کے لیے جیسن ڈیرولو کے ساتھ گانا گانے کا موقع ملا ۔ اس پر انہوں نے فخر اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے حوالے سے یہ گانا ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا جس کی ویڈیو کو بھی بے حد پسند کیا جارہا ہے۔


اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح دنیا بھر میں لوگ فیفا ورلڈ کپ کا جشن منا رہے ہیں، خصوصاً پاکستانی کس طرح فٹبال ورلڈ کپ کے بخار میں مبتلا ہیں۔

ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ دنیا کہ تمام لوگ ایک دوسرے سے مختلف ہونے کے باوجود بھی متحد ہوکر فٹبال میچز دیکھ رہے ہیں جو ایک مثبت نشانی ہے۔

تاہم واضح رہے کہ یہ فٹبال ورلڈ کپ کا آفیشل گانا نہیں ہے۔

فیفا نے روس میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ 2018 کا آفیشل گانا 'لِو اِٹ اپ گزشتہ ماہ جاری کیا تھا جسے معروف فنکاروں وِل اسمتھ، نکی جیمز اور ایرا استریفی نے گایا ہے۔

2010 میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کا آفیشل گانا ’واکا واکا‘گلوکارہ ’شکیرا‘ نے گایا تھا جو آج بھی مقبول ہے اور حالیہ ورلڈ کپ کا آفیشل گانا بھی اس کا ریکارڈ نہیں توڑ سکا ہے۔