’بھارت شجاعت بخاری کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائے‘

June 21, 2018

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو بھی تحفظ حاصل نہیں، شجاعت بخاری کابہیمانہ قتل مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے ظلم کا عکاس ہے،بھارت شجاعت بخاری کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائے۔

دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بریفنگ دیتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے رہنما ملا فضل اللہ کی افغانستان میںامریکی ڈرون حملے میں مارے جانے کی بھی تصدیق کی۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور اس سلسلے میںصحافی شجاعت بخاری کا قتل بھارتی بربریت کی تازہ مثال ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل کیے گئے بھارتی صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی تحقیقات کی جائیں اور بھارتی حکومت صحافی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر مسلمہ متنازع علاقہ ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے ۔عالمی تنظیمیں بھارت میں مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم رکوانے میں کردار ادا کریں۔ڈاکٹر فیصل نے مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔