بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں کمانڈوز بلالیے

June 21, 2018

مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کے متوالوں کی جدوجہد سے خوف زدہ بھارت کا ایک اور بزدلانہ اقدام سامنے آگیاہے۔ذرائع کے مطابق مقبوضہ وادی میںبھارت نے پولیس، فوج کے بعد کمانڈوزبھی تعینات کر دئیے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں آزادی کی جدوجہد دبانے کے لیے بھارت نے اسنائپرز، ریڈارز اور جدید اسلحے سے لیس کمانڈوز طلب کرلیے جو جموں کشمیر پہنچ گئےہیں۔

بھارت نے نیشنل سیکورٹی گارڈز کمانڈوز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ، کمانڈو فورس کو مقبوضہ کشمیر میں انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

نیشنل سیکورٹی گارڈز کے 2 درجن کمانڈوز سرینگر کے نزدیک ٹریننگ کر رہے ہیں جنہیں سرینگر ایئر پورٹ اور سرحد فورسز کے ساتھ تعینات کیا جائے گا۔

ادھر وزارت داخلہ حکام کا کہنا ہے کہ کمانڈوز کی تعیناتی سے وادی میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے جانی نقصان میں کمی ہوگی۔

یادرہے کہ وادی میں کمانڈوز تعیناتی کا فیصلہ گزشتہ ماہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ نے کیا تھا۔