برازیل اور کوسٹاریکا کے میچ میں پاکستانی نوجوان ٹاس کرے گا

June 22, 2018

فیفا ورلڈ کپ کے آج کھیلے جانے والے برازیل اور کوسٹاریکا کے درمیان میچ میں پاکستانی نوجوان احمد رضا ٹاس کرے گا ۔

15 سالہ نوجوان احمد رضا کا تعلق پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے ہے اور وہ آج پہلے پاکستانی بن جائیں گے جنہیں عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوگا۔

عالمی مقابلوں کے لیے گروپ ای میں شامل برازیل اور کوسٹاریکا کی ٹیمیں مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے مدمقابل ہوں گی۔

مشروبات بنانے والی نجی کمپنی کے تعاون سے احمد رضا روس پہنچے ہیں جن کے والد شبیر احمد سیالکوٹ میں فٹ بال بنانے کا کام کرتے ہیں اور ان کا خاندان یہ کام گزشتہ کئی دہائیوں سے کر رہا ہے۔

دوسری جانب ٹوئٹر صارفین نے پاکستانی نوجوان کا نام ٹاس کے لیے آنے پر احمد رضا کو مبارکباد کے پیغامات دینے کے علاوہ انہیں خوب سراہا بھی ہے۔