سائٹ ایریا فیکٹری میں آتشزدگی، 14گھنٹے بعد قابو پالیا گیا

July 05, 2018

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں فوم بنانے والی فیکٹری میں لگی آگ پر 14 گھنٹے بعد قابو پالیا گیاہے۔ ڈپٹی چیف فائرآفیسر کے مطابق عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ڈپٹی چیف فائرآفیسرامتیاز افضل نے مزید بتایا کہ متاثرہ فیکٹری کےاطراف کی فیکٹریوں کومحفوظ بنالیاگیاجبکہ آگ بجھانے کےعمل کے دوران فیکٹری کےراستےمیں نالےکی وجہ سےفائرفائٹرزکومشکلات پیش آئیں۔

امتیاز افضل نے بتایا کہ خوفناک آتشزدگی کے باعث عمارت کا بڑا حصہ زمیں بوس ہوگیاجبکہ ملبہ گرنے سے 6 فائٹر زخمی بھی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل سائٹ ایریا کی فیکٹری میں جمعرات کی صبح8 بجے لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیاتھاتاہم اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع ہوگیا۔

فیکٹری میںآگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فیکٹری کے کئی حصے زمیں بوس ہوگئے،آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ کے 16، کے پی ٹی کے ایک اور نیوی کے 2 فائر ٹینڈر زنے حصہ لیا اور14 گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔