مجھے گرفتار کرنے پر حمزہ لیڈ کرے گا ، شہباز شریف

July 13, 2018

کراچی (ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ ن کے قائد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور لاہور سے اس وقت تک ہمارے تین سے ساڑھے تین سو لوگ گرفتار کیے جاچکے ہیں وہ تھانوں میں بند ہیں حکومت کی طرف سے خطرناک قدم اٹھایا گیا ہے تاکہ ہم 25 جولائی کو ہونے والے الیکشن میں مشکلات سے دوچار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے خط لکھا ہے لیکن الیکشن کمیشن نے اس وقت خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور پنجاب حکومت اس وقت تحریک انصاف کی آلہ ِکار بنی ہوئی ہے ۔ ایک انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ جہاں تک نواز شریف کے آنیکی بات ہے میں کئی دفعہ کہہ چکا ہوں کہ ہم نے اس ملک کی خدمت کی ہے ہم اپنے ملک کو نقصان پہنچانے والوں میں سے نہیں ہیں، تقویت بخشنے والوں میں سے ہیں، میں نے انتظامیہ کوضمانت دی ہے کہ ہم ہر طرح کا تعاون کریں گے، ہم پوری قوت اور شوق وجذبے کے ساتھ اپنے قائد نواز شریف کا استقبال کریں گے میں ان سارے معاملات کو لیڈ کروں گا مجھے اگر گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو حمزہ شہباز اس کو لیڈ کریں گے اُس کو بھی گرفتار کر لیا گیا تو میری بیٹی عائشہ لیڈ کرے گی ہم اس قافلے کو آگے لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایف آئی کا کہنا ہے کہ زردای کو گرفتار نہیں کریں گے عدالت ِ عظمی کے ٹکر دیکھ رہا تھا ایف آئی اے کو کہا گیا ہے کہ تیس تاریخ تک کسی سیاستدان کو گرفتار نہ کیا جائے انتظامیہ ایسے گرفتاریاں کر رہی ہے جیسے دشمن ملک کے باشندے ہوں میں ان ساری باتوں کو قبل ازوقت دھاندلی ہی کہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر تین بڑے الزام لگائے میں عدالت لے گیا سارے معاملات وہ آج تک اُن الزامات کے حوالے سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی اُن کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے اگر ان کے پاس الزامات کے حوالے سے ثبوت ہوتے تو لاتے ۔