نواز، مریم واپسی، لاہور میں میٹرو بس سروس معطل

July 13, 2018

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی آمد سے قبل لاہور اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ لاہور میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے۔

سی ٹی او لیاقت علی ملک کاکہنا ہے کہ مسافروں کو ایئر پورٹ تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس فراہم کی جائے گی اور ایئرپورٹ تک صرف فضائی مسافروں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال کے باعث بس سروس دن بھر بند رہے گی۔

پنجاب حکومت نے لاہورکے5مقامات ایئرپورٹ،والڈ سٹی ایریا،شاہدرہ،ہڈیارہ،نواب ٹاؤن پرموبائل فون سروس بند رکھنے کے لئےوزارت داخلہ کوخط لکھ دیا۔

دوسری جانب لاہور کے بتی چوک سے رنگ روڈ تک پولیس تعینات ہے جب کہ کنٹینرز بھی پہنچا دیے گئے، راوی ٹول پلازہ پر قیدیوں کو لے جانے والی پولیس وین بھی پہنچا دی گئی۔

راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی آفس سکستھ روڈ پر پولیس تعینات کرتے ہوئے قیدیوں کی وین بھی پہنچا دی گئی۔

اسی طرح نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں،کارگو اور ایئر لائن کے دفاتر بند کرتے ہوئے اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ن لیگ نارووال ملک طارق اعوان کےگھرپر بھی پولیس نےچھاپہ مارا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11 سال، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔

نواز شریف کے داماد اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کے پاکستان پہنچنے پر انہیں بھی اڈیالہ جیل لے جایا جائے گا۔