شوخ رنگوں سے سجے کچن کے نئے انداز

July 14, 2018

کچن کی تعمیر ہو یا سجاوٹ، اس معاملے میںخواتین کافی حساس ہوتی ہے۔ خوبصورت اور سہولیات سے آراستہ کچن کی تعمیر خواتین کی دلی خواہشات میں سے ایک ہے، جس کیلئے ڈیزائن کے انتخاب کا مرحلہ خاصا مشکل ثابت ہوتا ہے۔ کون سا ڈیزائن اس وقت ٹرینڈ میں ہے اور کون سانہیں، خواتین اسی تلاش میں مصروف رہتی ہیں۔کچن کے ڈیزائن کا انتخاب، چاہے وہ کسی بھی شکل کا ہو، آپ کے جمالیاتی ذوق کی نما ئندگی کرتا ہے۔ کچن کیلئے بہت سے چیزوں کا انتخاب بہت آسان نہیں ہوتا۔ان دنو ں اوپن کچن اسٹائل خاصا مقبول ہے، یہ کچن لِونگ روم (بیٹھک)سے ملحقہ ہوتے ہیں۔ اگر بات کریں کچن کیبنٹس کی تو ان دنوں لوگ روایتی رنگوںسے ہٹ کر کچن کیبنٹ اسکیم کیلئے شوخ رنگوںکا استعمال کرنے لگے ہیں۔ ہم بھی آج کچن کی تعمیر سے متعلق کیبنٹس کےان ضروری ٹرینڈز پربات کرنےجارہے ہیں۔

پیلےاورسفید رنگ کا امتزاج

گھر کی دیواروں کے رنگ وروغن کی بات ہویا پھر کچن کیبنٹ کےلیے کلراسکیم کی،پیلےیازردرنگ کا انتخاب قدرے مشکل ہوتا ہے، جسے عام طورپرلوگ نہیں اپناتے-اس کلر اسکیم کو اپنا نے کے لیے پیلی شیٹ سے کیبنٹ تیار کروائے جاتے ہیں جبکہ دیواروں کے لیے سفیداورخاکی رنگ وروغن یا پھرمختلف رنگوں سے آراستہ خوبصورت ٹائلز دیواروں کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں۔اگرچہ یہ ڈیزائن سادہ ساہے مگر زردرنگ، سیاہ و سفید کے ملاپ کے باعث خوبصورت نظر آتا ہے۔ توپھرآپ ایک دلکش و حسین کچن حاصل کرنے کے لیے ایسےرنگوں کے استعمال سے نہ گھبرائیں۔

لال، سیاہ اور سفید رنگ کا امتزاج

لال ،سیاہ اور سفید ان تین رنگوں کا خوبصورت امتزاج کچن کو کچھ جدا اور خوبصورت دکھانے کیلئے بہترین ہے۔اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ لال اور سیاہ رنگ کےامتزاج والےکیبنٹس آپ کے کچن کو کچھ تنگ سا محسوس کروائیں گے تو اس مشکل کا حل کیبنٹ لائٹنگ ہے۔ کیبنٹ کے اوپری حصے پر ہینگنگ لائٹس جہاں کچن میں روشنی کا مناسب انتظام کرتی ہیں وہیں کچن میں داخل ہونے والوں پر آپ کے اعلیٰ ذوق کا اثر بھی قائم کرتی ہیں ۔کیبنٹ لائٹس مستطیل اشکال میں بنے کچن کیلئے بہترین انتخاب ہیں، جن کا انتخاب کچن کیبنٹ کی کسی بھی کلر اسکیم کے ساتھ کیا جائے تو کچھ نیا اورمنفرد محسوس ہوتا ہے۔رہی بات کچن میںسیاہ ،سفید اور لال رنگوں کے امتزاج کی تو مرکزی کیبنٹس کولال اور اوپری حصوں پر بنی کیبنٹس کو سیاہ رنگ کے ساتھ تیار کروایا جاسکتا ہے۔باقی حصوں کیلئے سفید رنگ بہترین رہے گا۔

نیلےاورسفید رنگ کا امتزاج

نیلا رنگ ان دنوں کچن کیبنٹس کیلئے بہترین مانا جاتاہے، سیاہ رنگ کے بعد کچن میں سب سے زیادہ نیلارنگ ہی استعمال کیا جاتاہے۔ تاہم نیلارنگ اس وقت ہی آپ کے کچن کیلئے بہترین ہوتا ہے جب کچن کھلاکھلا اور کشادہ ہوکیونکہ چھوٹے کچن میں گہرے رنگ کی کیبنٹ اسکیم سے کچن تنگ محسوس ہونے لگتا ہے۔ اگرآپ نیلےرنگ کو اپنے کچن کیلئے اپنانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اسکے ساتھ سفید رنگ کا امتزاج لازمی کریں۔ اگر آپ سادگی کیساتھ شوخ رنگوں کا استعمال چاہتے ہیں تو سفید رنگ کے ساتھ کاؤنٹر کوگہرے نیلےرنگ کارکھ کر کچن کو منفرد انداز دے سکتے ہیں۔

کینڈی اور سفید رنگ کا امتزاج

کینڈی اورسفید رنگ کا امتزاج بھی کچن کیلئے بہت عمدہ ہے۔ اگر آپ کچن میں ٹائل کے بجائے لکڑی کی کیبنٹس بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو ان رنگوں کا استعمال کریں۔ یہ رنگ لکڑی سے تیار کیبنٹس پر بھی بآسانی کروائے جاسکتے ہیں ۔اس کلراسکیم کے تحت کچن میں لگے نچلے حصے کے کیبنٹس کو شوخ رنگوں سےرنگوایا جاتا ہے اور اوپری حصوں کے کیبنٹس کیلئے سفیدرنگ کا استعمال کیا جاتا ہے، صرف یہی نہیں بلکہ ان رنگوںکے ساتھ وال پیپر کا استعمال بھی بہترین ثابت ہوتا ہے ۔