25جولائی کو بجلی کی فراہمی

July 16, 2018

ملک میں25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات بعض حوالوں سے انتہائی حساس نوعیت کے حامل ہیں گو کہ جمہوریت کی گاڑی پٹڑی پر چڑھ گئی ہے تاہم اسے رواں دواں رکھنے کے لئے بعض چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ملک دشمن قوتیں اس کی راہ میں مختلف طریقوں سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے درپے ہیں۔ یہ حقیقت سب پر عیاں ہے کہ وطن عزیز کیلئے آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،لہٰذا لازم ہے کہ انتظامی امور میں کسی بھی جگہ سقم نہ رہ جائے ۔تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی اس بارے میں اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہا ہے اور بجا طور پر25اور26جولائی کو ملک بھر میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے سیکرٹری پاور ڈویژن کو خط لکھا گیا ہے۔ یہ خط اس لحاظ سے بڑا اہم ہے کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی انتخابات 2018 کے عمل کو شفاف اور ہموار بنانے میں ممد و معاون ثابت ہو گی۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ 25جولائی کو صبح8بجے سے شام6بجے تک کسی وقفے کے بغیر پولنگ ہوگی اور پولنگ کے بعد گنتی کا عمل شروع کیا جائے گا اور اس عمل کو جاری رکھنے کے لئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جائے۔ الیکشن کمیشن کے اس خط کی روشنی میں امید واثق ہے کہ ملک بھر میں انتخابات اور ان کے اگلے روز بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔ تاہم ملک میں انتخابات کے انعقاد میں پاک فوج کی سخت نگرانی کے باعث ملک دشمن قوتوں کے کسی بھی قسم کے نا پاک عزائم کامیاب نہ ہونے پائیں گے ۔ تاہم ضروری ہے کہ ملک بھر کے گرڈ اسٹیشنوں کو فعال اور محفوظ رکھنے کے لئے غیر معمولی اقدامات کئے جائیں، کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے عملے کو چوکس رکھا جانا ضروری ہے ۔ممکنہ پیچیدگیوں سے بچنے کے لئے تمام تر متبادل انتظامات کئے جانا بھی ضروری ہیں۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998