ووٹ کا سودا کرنے والے کی عزت نہیں ہوتی، فضل الرحمٰن

July 17, 2018

متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ قوم کو ووٹ کی پرچی سے اپنے مستقبل اور نئی قیادت کا فیصلہ کرنا ہے،ووٹ کا سودا کرنے والے کی عزت نہیں ہوتی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں خطاب کےد وران مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ الیکشن 2018ء میں پوری قوم پر بڑی ذمہ داری عائد ہوگئی کہ وہ یہ فیصلہ کریں کہ ملک کا اختیار کس کے حوالے کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کی جنگ نہیں لڑنی، ووٹ کی پرچی سے فیصلہ کرنا ہے ، اپنی ذمے داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کا وقت آگیا ہے ۔

ایم ایم اے کے سربراہ نے کہا کہ قوم کے نمائندے کو ہر وقت علاقوں کی ضرورتوں کا علم ہونا چاہئے، ایسا نہیں ہونا چاہئے الیکشن آیا تو ووٹ کا سودا کردیا جائے،ووٹ کا سودا کرنے والے کی عزت نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کو پرچی کے حق کےلئے استعمال کیا گیا تو حق جیت جائےگا ،میں ایک غریب علاقے سے اٹھا ہوں،یہاں پر میڈیکل اور ٹیچنگ اسپتال ہم نے بنایا،ہم نے تمام مذہبی جماعتوں کو اکٹھا کیا اور کراچی میں پہلا جلسہ کیا ۔

مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ توہین رسالت کا قانون ختم کرنے کی سازش کی گئی،ہم اس سازش کے مقابلے میں آئے، ہم آنے والی نسلوں کی فکر کررہے ہیں،بعض لوگ نرم اسلام چاہتے ہیں جسے وہ روشن خیالی کا نام دیتے ہیں۔