فخرزمان ون ڈے ڈبل سنچری کلب میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی

July 21, 2018

کراچی ( نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخرزمان ون ڈے کرکٹ کے ڈبل سنچری کلب کے رکن بن گئے۔ وہ پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں دو سو کا ہندسہ عبور کیا۔چوتھے ایک روزہ میچ میں فخر زمان اور امام الحق نے ریکارڈ ساز بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ پر 304 رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم کی۔ ایک روزہ میچوں میں کسی بھی ٹیم کا یہ سب سے زیادہ رنز کا اوپننگ اسٹینڈ ہے۔جب کہ فخر زمان سب سے کم میچز میں 1000رنز بنانے کے عالمی ریکارڈ سے بھی محض 20رنز کی دوری پر ہیں۔تفصیلات کے مطابق،فخر زمان نے زمبابوے کیخلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں 156 گیندوں پر 210رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔ یہ پاکستان کی جانب سے پہلی ڈبل سنچری اور بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز 194 رنز کے ساتھ سابق کپتان سعید انور کے نام تھا۔ فخرزمان نے زمبابوے کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں اب تک 430 رنز بنائے ہیں جس میں 2 سنچریز اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ علاوہ ازیں راتوں رات اسٹار بننے والے فخرزمان ایک اور عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے قریب ہیں۔ اپنے ون ڈے کیریئر میں اب 17اننگز میں 980رنز بناچکے ہیں اور تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے سے صرف 20رنز کی دوری پر ہیں۔ فی الحال 50 اوورز کے فارمیٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کا اعزاز پانچ بیٹسمینوں کے پاس ہے۔ ویسٹ انڈین سابق کپتان ویوین رچرڈ ، انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، ان کے ہم وطن جوناتھن ٹراٹ ، جنوبی افریقا کے کوائنٹن ڈی کاک اور پاکستان کے بابر اعظم 21،21اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرکے سرفہرست ہیں۔ جبکہ فخر نے ابھی 17میچز کی 17اننگز کھیلی ہیں۔ اس طرح یہ بات یقینی دکھائی دیتی ہے کہ لیفٹ ہینڈر اس فہرست میں ٹاپ پر جگہ بنالیں گے۔جولائی 2006ء میں دورۂ انگلینڈ کے دوران ایڈیلیڈ میں سری لنکن اوپنرز اوپل تھرنگا اور سنتھ جے سوریا نے 286 رنز بنائے تھے۔ البتہ یہ اس فارمیٹ میں پاکستان کی طرف سے کسی بھی وکٹ کے لیے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل اپریل 1994میں نیوزی لینڈ کے خلاف شارجہ میں عامر سہیل اور انضمام الحق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 263 رنز بنائے تھے۔ ایک روزہ میچوں میں پاکستان کا یہ سب سے زیادہ مجموعی اسکور ہے۔ جون 2010 میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دمبولا میں سات وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنائے تھے۔