’’نواز شریف کی طبیعت خرابی پر قوم کو تشویش ہے‘‘

July 23, 2018

سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے نوازشریف کو دل کی شدید تکلیف ہے، ان کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی قوم کو سخت تشویش ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی صدر شہباز شریف نے اپیل کی تھی کہ نواز شریف کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اس بارے میں انہوں نے خط لکھ کر نگراں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو درخواست کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ درخواست کے باوجود جیل انتظامیہ نے نوازشریف کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا، جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہوئی ہے۔

سابق وزیر مملکت نے زور دیا کہ نوازشریف کو ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق فوری طور اسپتال منتقل کرنا چاہیے کیونکہ ڈاکٹروں کے مطابق انہیں اسپتال منتقل نہ کرنا ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین بار کے منتخب وزیراعظم رہنے والے شخص کے ساتھ ایسا امتیازی رویہ رکھنا افسوسناک ہے،بنیادی سہولتیں دینا تو دور کی بات، جیل مینوئل پر بھی عمل نہیں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے ذاتی معالج کی ان تک رسائی کو یقینی بنایا جائے،ہمیں نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر المک سے توقع ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں گے۔