انیل کپور نے کونسا کام کبھی نہیں کیا؟

August 10, 2018

بالی ووڈ کے معروف اداکار انیل کپور نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایسا کون ساکام ہے جو انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں کیا۔

خوبرو اداکارہ سونم کپور کے والد اور اداکار انیل کپور نے بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئےبتایاکہ انہوں نےاپنی زندگی میں کبھی بھی ’آدھے اور ایک گھنٹے سے زیادہ بیٹھنے‘ کا کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سارا دن کھڑے رہتے ہیں، چلتے پھرتے ہیں، بھاگتے ہیں یا پھر سو جاتے ہیں تاکہ اگلے دن پھر سے تروتازہ ہوں لیکن کبھی بھی ایک گھنٹے سے زیادہ وہ بیٹھے نہیں ہیں۔

انٹرویو کے دوران ایک اور سوال کے جواب میں انیل کپور نےکہا کہ انہوں نے کبھی ڈرگز کا استعمال نہیں کیا، ہاں لیکن ایک مرتبہ کالج میں چرس ضرور پی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈرگز، چرس وغیرہ وہ اشیاء ہیں جس سے انسان کو نشہ ہوتا ہے اسی لیے وہ ان کو پسند نہیں کرتے۔ جب کبھی وہ ان چیزوں کا استعمال کرتے تھے تو ان کی کیفیت نشے کی حالت جیسی ہوجایا کرتی تھی اور وہ خود کو نیند میں محسوس کرتے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں شراب اور دیگر ڈرنکس کا استعمال کیا ہے لیکن حد سے زیادہ نہیں کیونکہ وہ اس کے نقصانات بھی جانتے ہیں۔

انیل کپور نے بتایا کہ وہ آج بھی اسی طرح کام کرتے ہیں جیسے 40 سال پہلے انہوں نے شروع کیا تھا، ان کی پہلی فلم ’ہمارے تمہارے‘ 1979 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں 12 بچے تھے اور ان میں سے ایک انیل کپور تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال 1973 میں پہلی بارانہوں نے فلم ’تو پائل میں سنگیت‘ میں ’چائیلڈ ایکٹر‘ کی حیثیت سےکام کیا تھا جس کے بعد ان کے باقاعدہ کرئیر کا آغاز 1979 سے ہوا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انیل کپور نے بتایا کہ ان کے والد ’سُرندرکپور‘ بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے ایک مشہور و معروف پروڈیوسر تھے لیکن اس کے ساتھ ہی وہ نہایت ایماندار اور مہذب اور خوش اخلاق شخص ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ ان کے والد نے انہیں واضح طور پربتادیا تھا کہ وہ فلموں میں اانے کے لیے کبھی بھی انیل کپور کی مدد نہیں کریں گے۔ اس دن انیل کپور کو احساس ہوا کہ انہوں نے اپنی جنگ خود لڑنی ہے اور آج وہ اس مقام پر ہیں۔

انیل کپور نےبتایا کہ انہوں نے اپنے40 سالہ فلمی کرئیر میں صرف ایک مرتبہ بریک لیا تھا جس پر امیتابھ بچن نے ان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کچھ بھی کرو، لیکن کام کرتے رہو۔ اس کے بعد سے انہوں نے فلموں سے وقفہ نہیں لیا۔

انٹرویوکے اختتام میں انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہیںجانتے کہ وہ آگے جاکے فلم انڈسٹری سے بریک لیں گے یا نہیں کیونکہ ’زندگی بہت چھوٹی ہے، کچھ بھی ہوسکتا ہے آج کل کیا ہونا ہے کس کو معلوم ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سال ویسے ہی کافی المناک اور افسردہ گزرا ہے جس میں انہوں نے اپنے کئی قریبی ساتھیوں کو کھودیا۔