عمران خان کا شاہ فرمان کو گورنر خیبرپختونخوا بنانے کا فیصلہ

August 10, 2018

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پارٹی رہنما شاہ فرمان کو گورنر خیبرپختونخوا بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے یہ فیصلہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے اجلاس میں کیا ،جس میں نامزد وزیراعلیٰ محمود خان ،سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک ،عاطف خان ،شہرام ترکئی اور شاہ فرمان موجود تھے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہرام خان ترکئی کو سینئر وزیر صحت اور سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدادن دیا جائے گا جبکہ عاطف خان صوبائی وزیر تعلیم و توانائی تعینات ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے پرویز خٹک اور عاطف خان کے درمیان وزارت اعلیٰ کے معاملے پر صلح بھی کرا دی۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی اس حوالے سے فیصلہ آیندہ اجلاس میں متوقع ہے۔