پنجاب میں گرمی کی تعطیلات ختم، سرکاری اسکول کھل گئے

August 11, 2018

پنجاب بھر میں گرمی کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد آج سے سرکاری اسکول کھل گئے ہیں، اسکولوں میں بچوں کی حاضری پہلے دن کم رہی، کچھ بچے بوجھل قدموں کے ساتھ اور کچھ خوشی خوشی اسکول پہنچے۔

گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوگئیں ،ساتھ ساتھ گھومنے پھرنے اور سیر سپاٹے کا بھی دی اینڈ ہوگیا، موج مستی کا سہانا دور ختم ہوا اور پڑھائی کی بھاری ذمہ داری شروع ہوئی۔

سندھ، خیبرپختون خوا اور بلوچستان کے نجی و سرکاری اسکول تو یکم اگست سے کھل گئے تھے البتہ پنجاب کے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں گزشتہ روز ختم ہوئی ہیں اور تعلیمی اداروں میں آج سے پڑھائی شروع ہورہی ہے۔

چھٹیوں میں دیر سے اٹھنے والے بچے اور والدین صبح صبح اٹھ گئے، موج مستیاں ختم ہوگئیں، گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے بعد بچے آج سکول جانے کے لیے کافی پرجوش نظر آئے۔

علی الصبح بچے وینوں، ذاتی گاڑیوں کے ذریعے اور پیدل بھی اپنے اسکولوں کی جانب گامزن نظر آئے، تاہم پہلا دن ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعداد معمول سے کم نظر آئی۔

بچوں نے دورانِ تعطیلات دیا گیا ہوم ورک بھی مکمل کیا، والدین کا کہنا ہے کہ بچوں نے چھٹیوں میں خوب ادھم مچایا لیکن اب صرف پڑھائی پر توجہ دینا ہو گی۔

گرمیوں کی تعطیلات میں بچوں نے دادا دادی، نانا نانی کے گھروں کا رخ کیا اور کزنز کے سا تھ مل کر خوب ہنگامہ مچایا، پورے سال جہاں جہاں جانے کی پلاننگ کی،اسے عملی جامہ بھی پہنایا گیا۔

دورانِ تعطیلات تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی انتظامات اور عمارتوں کو بہتر بنانے، رنگ و روغن کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔