’عمران خان کی زبان سے نکلنے والے الفاظ پر بھروسہ ہے‘

August 12, 2018

نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلققات میں بہتری کے لیے عمران خان کی زبان سے نکلنے والے الفاظ پر بھروسہ ہے۔

بھارتی سابق بلے باز نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر بھروسہ ہے ایک سیٹ سے کامیابی کا سفر شروع کرنےوالا آج وزیرا عظم بن گیا۔

انہوںنے کہا کہ عمران خان بارش کے بعد اٹھنے والی سوندھی خوشبو اور تبدیلی کی آس ہیں۔

واضح رہے سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو اور سدھو کو آخر کار پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حلف برداری کے با ضابطہ دعوت نامے مل گئے۔

پی ٹی آی چیئرمین عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ہوگی،کپل دیو اور سدھو نے دعوت نامے ملنے کی تصدیق کر دی ہے،دونوں سابق کرکٹرز حلف برداری کی تقریب سے ایک روز قبل پاکستان پہنچیں گے۔

نوجوت سدھو کا عمران خان سے کرکٹ کے حوالے سے 30 سال کا تعلق رہا ہے، دعوت نامہ ملنے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ عمران کی جانب سے مجھے ذاتی طور پر بھی دعوت دی گئی، ہم دونوں نے کچھ منٹ تک گفتگو بھی کی، میں نے انہیں ان کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔