سندھ، خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا

August 16, 2018

سندھ اور خیبرپختون خوا کے وزرائے اعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا، سندھ پر آئندہ 5سال کون راج کرے گا؟ وزیر اعلیٰ سندھ کا انتخاب آج ہو گا،پیپلز پارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ اور اپوزیشن اتحا د کے شہر یار مہر میں مقابلہ ہو گا۔

خیبر پختون خوا کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کے محمودخان اور متحدہ اپوزیشن کے میاں نثار گل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کااجلاس صبح 11بجےطلب کیا گیا ہے،جس کی صدارت نومنتخب اسپیکر مشتاق احمد غنی کریں گے۔

نئے وزیراعلیٰ کے منصب کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے سوات سے منتخب رکن اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر محمود خان نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اس عہدے کے لیے کرک سے منتخب جے یو آئی کے رکن اسمبلی میاں نثار گل نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

ادھر خیبرپختون خوا کے نگراں وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس خالی کر دیا ہے،جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان اسلام آباد منتقل ہو گئے ہیں۔