وزيراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری

August 17, 2018

وزيراعظم کے انتخاب کے لیے نو منتخب اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔

وزارت عظمی کے انتخاب کے لئے تحریک انصاف کے عمران خان اور ن لیگ کے شہباز شریف کے درمیان مقابلہ ہے۔اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں اراکین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین قومی اسمبلی پہنچ گئے۔

اس موقع پر قومی اسمبلی کی راہداری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میچ ابھی ختم نہیں ہوا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان آج کے اجلاس کے بعد کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی خواب پورا نہیں ہوا، خواب کا ایک مرحلہ طے ہوا ہے۔

’پپپلزپارٹی انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی‘

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پپپلزپارٹی انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی، انتخابی عمل میں حصہ نہ لیناہمارا جمہوری حق ہے۔

ن لیگ کا وزیراعظم کے انتخاب پر احتجاج کا فیصلہ

دوسری جانب شہبازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کے انتخاب پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق احتجاج کا فیصلہ ن لیگ کےارکان اسمبلی کےمطالبے پرکیا گیا،شہبازشریف نے وزیراعظم کے انتخاب کےفوری بعد احتجاج پر رضامندی ظاہر کر دی۔

اراکین ن لیگ کا کہنا ہے کہ آج احتجاج نہ کیا تو دھاندلی کا بیانیہ کمزور ہو جائے گا،احتجاج کےذریعےنوازشریف کےبیانیےکوتقویت دی جاسکتی ہے۔

وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ایوان کو تقسیم کر کے ووٹ دیے جائیں گے۔قومی اسمبلی ہال میں پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان اور پی ایم ایل این کے شہباز شریف کی الگ الگ لابیاں ہوں گی، عمران کےحامی الگ اور شہباز کے حامی الگ لابی میں جاکر ووٹ دیں گے۔

ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ان کی گنتی شروع کی جائے گی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نتیجے کا اعلان کریں گے۔

کامیابی کے لیے ایوان کی مجموعی تعداد کی اکثریت یعنی 172 ووٹ درکار ہوں گے، اگر مطلوبہ ووٹ کسی کو نہ ملے تو ووٹنگ دوبارہ ہوگی اور پھر ایوان میں موجود ارکان کی اکثریت حاصل کرنے والا کامیاب قرار پائے گا۔

ایوان میں موجود ارکان کی اکثریت حاصل کرنے والا کامیاب قرار پائے گا ، اس نوقع پر نومنتخب وزیر اعظم ایوان سے اپنا پہلا خطاب بھی کریں گے اور یوں حکومت سازی کا اہم ترین مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔