عمران اب گدھوں، زندہ لاشوں،بھیڑ بکریوں کے بھی وزیراعظم ہیں، بلاول

August 18, 2018

اسلام آباد (ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ الیکشن 2018ء دھاندلی زدہ ہیں‘تحقیقات کے لیےپارلیمانی کمیشن بنایا جائے‘ انہوں نے نو منتخب وزیراعظم عمران خان کو’’ سلیکٹ پرائم منسٹر‘‘کہتے ہوئے مبارکباد دی اور کہاکہ عمران خان اپنی جماعت نہیں بلکہ پورے پاکستان کے وزیر اعظم ہیں‘ وہ ان کے بھی وزیر اعظم ہیں جنہیں انہوں نے گدھے ، زندہ لاشیں اوربھیڑ بکریاں قرار دیا تھا ‘ عمران خان نفرت کی سیاست سے گریز کریں ‘ اگر انہوں نے ایسانہ کیا توہم ان کی مخالفت کریں گے‘اگر عمران خان نے اس ایوان اور آئین کی تکریم نہ کی تو ہم کڑی اپوزیشن کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نےجمعہ کو وزیراعظم کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا ‘بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایوان میں موجود دوبڑی جما عتو ں نے آج جو حر کت کی عوام ایسے تماشے کوپسند نہیں کرتی،اس سے قوم مایوس ہوئی ،حکومتی جماعت کو تو یہ حرکت زیب ہی نہیں دیتی، خونی انتخابات کا سامنا کر کے آئے ہیں،پارلیمینٹ بالا د ست ہے اس کے تقدس کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، پارلیمینٹ ہی تمام اداروں کی ماں ہے۔ الیکشن کمیشن پرامن ، صاف شفاف انتخابات میں ناکام رہا، 2018کے انتخابات دھاندلی زدہ ہیں، مساوی مواقع نہیں تھے، ہمارا میڈیا بلیک آ ئو ٹ کیا گیا ،پری اورپوسٹ دونوں دھاندلیاں ہوئیں ، فارم 45نہیں دیا گیا ،آرٹی ایس بیٹھ گیا ، پولنگ ایجنٹس کو ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز سے نکال دیا گیا، ہم جمہوری عمل کی خاطر اس ایوان میں آئے ہیں کہ خد انخوا ستہ کوئی غیر آئینی حادثہ نہ ہو جائے،پیپلز پارٹی نے کوشش کی ہے کہ کوئی آئینی بحران نہ پیدا ہونے دے،عمران خان صرف اپنی جماعت نہیں پورے پاکستان کے وزیراعظم بن گئے ہیں‘ ہم بھی ان کے وعدوں کی تکمیل کو دیکھیں گے کس طرح ایک کروڑ ملاز متیں ، پچاس لاکھ گھر، صوبہ جنوبی پنجاب بنانے اور آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے اعلانات سمیت سو روزہ پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے، عمران خان ماضی کی نفرت انگیز سیاست کو چھوڑ دیں توقع ہے کہ وہ انتہا پسندانہ سیاست سے گریز کرتے ہوئے برداشت کے کلچر کو فروغ دیں گے، نفرت کی سیاست نہ چھوڑی تو ہم عمران خان کی مخالفت کرتے رہیں گے،ملک کے مفاد ، عوام کے وسیع تر مفاد اور جمہوریت کی خاطر ان کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں ۔دہشت گردی کے تمام واقعات کی تحقیقات کے لئے ٹربیونل قائم کیا جائے۔