میرپورخاص، زرعی یونیورسٹی کی طالبہ کو ہراساں کرنےکا الزام، 3پولیس اہلکار معطل

August 20, 2018

میرپورخاص(نامہ نگار) ڈی آئی جی پولیس میرپورخاص رینج ثاقب اسماعیل میمن نے زرعی یونیورسٹی کی طالبہ کو ہراساں کرنے کے الزام میں تین پولیس اہل کاروں کو معطل کرکے لائن حاضر کردیاہے،تحقیقاتی رپورٹ کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ میرپور خاص پولیس رینج کے ترجمان نے میرپورخاص میں صحافیوں کو بتایا کہ ڈگری کے قریب گوٹھ امن آباد کی رہائشی زرعی یونیوسٹی ٹنڈوجام کی طالبہ شبنم جروار کو یونیورسٹی سے واپس اپنے گھر جاتے ہوئے پولیس اہل کاروں کی جانب سے چھیڑ چھاڑ اور مبینہ اغواءکرنے کی اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی ثاقب اسماعیل میمن نے رب نواز،جاوید سمیت تین اہل کاروں کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا ہےاور ڈی ایس پی سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے،جس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔دریں اثناءاطلاعات کے مطابق ایس ایس پی عابد علی بلوچ نے میرپورخا ص میں اپنے دفتر میں متاثرہ طالبہ شبنم جروار سے ملاقات کرکے واقعہ سے متعلق معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر طالبہ نے موٹر سائیکل اورپولیس موبائل گاڑی میں سوار اہل کاروں کی جانب سے اسے ہراساں اور چھیڑ چھاڑ کرنے سے متعلق تفصیلات بتائیں،ایس ایس پی نےیقین دلایا کہ اسے مکمل تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے گا اور ملوث پولیس اہل کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔