ترکی نے امریکی مصنوعات پر ٹیکس دوگنا کر دیا

August 20, 2018

انقرہ(اے این این) ترکی نے امریکی مصنوعات کی حوصلہ شکنی کے لیے درآمدی محصولات کو دو گنا کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ اور ترکی کے درمیان تجارتی تناو میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ترک صدر طیب اردگان کے امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد ترک حکام نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے امریکی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی میں دوگنا اضافہ کر دیا ہے۔ گاڑیوں، تمباکو اور شراب وغیرہ پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ترکی کے نائب صدر فواد اوقطائی کا کہنا تھا کہ امریکی اشیا کی درآمدی محصولات کو دگنا کیا گیا ہے، ترکی کی کرنسی لیرا کی قدر میں عدم استحکام عارضی ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدام کیے ہیں، کرنسی کی قدر میں اضافہ کے لیے دیگر ممالک سے مقامی کرنسی میں لین دین کا فیصلہ کیا ہے۔