جام کمال وزیراعلیٰ بلوچستان بن گئے،نئی کابینہ کی تیاریاں

August 20, 2018

کوئٹہ( ایجنسیاں) جام کمال خان وزیراعلیٰ بلوچستان بن گئے جبکہ صوبے میں نئی کابینہ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق جام کمال خان نے بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ کے منصب کا حلف اٹھالیا۔ جام کمال بلوچستان کے 16ویں منتخب وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہوئی۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے حلف لیا۔حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے میرجام کمال کا کہناتھاکہ کابینہ کا اعلان عید بعدہوگا ‘آئین پاکستان کی حدود میں رہتے ہوئے ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پالیسی کا ازسر نو جائزہ لیاجائےگا۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جامع طریقہ کار اختیار کیا جائے گا‘گڈ گورننس، تعلیم ، صحت اور پانی کی فراہمی پر توجہ ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ کابینہ کی تشکیل کے بارے میں کوئی اختلافات نہیں ہے‘کابینہ کا اعلان مرحلہ وار کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں چند وزراء لئے جائیں گے اور اس کے بعد دوسرے مرحلے میں دیگر وزیر لئے جائیں گے۔ نو منتخب وزیر اعلیٰ جام کمال خان حلف برداری کے بعد جب وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پہنچے تو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر اور سلامی پیش کی۔ نو منتخب اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، آئی پولیس محسن حسن بٹ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماء، کارکن اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعدازاں ضلع لسبیلہ اور صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے افراد نے جام کمال خان کو وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔