حیدرآباد،تمام تھانوں کا کرائم ریکارڈ کو آن لائن کردیا گیا

August 22, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد کے تمام تھانوں کے کرائم ریکارڈ کو آن لائن کردیا گیا، گرفتار ہونے والے ملزمان کا ریکارڈ بھی فوری طور پر کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کے احکامات پر ضلع حیدرآباد کے تمام تھانوں کو آئن لائن کرکے جرائم پیشہ افراد کا ریکارڈ مرتب کرلیا گیا ہے، آن لائن ریکارڈ کے ذریعے اشتہاری، روپوش اور ماضی میں جرائم میں ملوث ہونے اور گرفتار ہونے والے ملزمان کا ریکارڈ بھی تھانے کی سطح پر دیکھا جاسکے گا اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے لئے انہیں استعمال کیا جاسکے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ایس ایس پی نے ہدایت کی ہے کہ حالیہ کارروائیوں میں گرفتار ہونے والے ملزمان کا بھی گرفتاری کے فوری بعد تصاویر اور فنگر پرنٹس لیکر ان کے نام بھی ریکارڈ کا حصہ بنائے جائیں، جس پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔