جامعہ اردو کے ڈاکٹر الطاف مہنگے ترین وائس چانسلر

August 28, 2018

کراچی میں اردو یونیورسٹی کے ڈاکٹر الطاف مہنگے ترین وائس چانسلر بن گئےہیں، انہوں نے خود ہی اپنی تنخواہ میں اضافہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ا ردو یونیورسٹی کے ڈاکٹر الطاف حسین اب تک کے مہنگے ترین وائس چانسلر ثابت ہوئے ہیں، وہ 6ماہ سے کسی منظوری کے بغیر 6 لاکھ روپے تنخواہ لے رہے ہیں جبکہ وائس چانسلر کو تنخواہ میں اضافے کے لیے یونیورسٹی سینیٹ سےمنظوری لینا پڑتی ہے۔

ڈاکٹر الطاف حسین نے غیر قانونی طورپر 6 لاکھ روپے اپنی ماہانہ تنخواہ فکس کی اور6 ماہ تک خاموش رہےاورمستقل وائس چانسلر بنتے ہی جامعہ کے خودمختارادارے سینیٹ سے منظوری لی اور اپنی بھاری تنخواہ کی منظوری کو سینیٹ کے ایجنڈے میں شامل کرلیا۔ سینیٹ سے نہ صرف آئندہ بلکہ ماضی کے چھ ماہ کی منظوری بھی لے لی۔

اراکین سینیٹ کو اجلاس میں ہی وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین کی بھاری تنخواہ لینے کا انکشاف ہواجس پراراکین نے حیرت کا اظہار کیا۔ کچھ اساتذہ اور اراکین نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن بعدازاں کچھ مجبوریوں اور مصلحت کے تحت بھاری تنخواہ لینے کی منظوری دیدی۔

ماضی کے آٹھ وائس چانسلر جامعہ اردو میں تین سے چار لاکھ تنخواہ پر فرائض ادا کرچکے ہیں۔ جامعہ اردو کے سابق اور جامعہ کراچی، جامعہ این ای ڈی، ڈاو یونیورسٹی آف ہلتھ سائنسز اوردیگر جامعات کے وائس چانسلرز اب بھی تین سے چار لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر فرائض اداکررہے ہیں۔