ڈیمز کی تعمیر کیلئے عاطف اسلم کا 25 لاکھ روپے کا عطیہ

September 10, 2018

گلوکار عاطف اسلم نے چیف جسٹس کے ڈیمز فنڈ میں 25 لاکھ روپے عطیہ کردیے۔

تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار عاطف اسلم نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اسلام آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ڈیمز فنڈ کے لیے 25 لاکھ روپے کا چیک چیف جسٹس کے حوالے کیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے عاطف اسلم کی جانب سے 25 لاکھ روپے کا چیک پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ملک بھر میں مختلف شخصیات کی جانب سے ڈیمز فنڈ میں رقومات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز ہی آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل پاکستانی امپائر علیم ڈار نے بھی ڈیمز فنڈ میں اپنا حصہ شامل کرتے ہوئے 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے، ڈیمز نہ بنائے تو 2025ء سے خشک سالی شروع ہوجائے گی،ایک وقت ایسا آئے گا کہ اناج اگانے کےلئے بھی پانی نہیں ہوگا، قحط کا خطرہ ہے۔