اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کاڈیالوجی کو ذاتی طور پر 10لاکھ روپے عطیہ کا چیک دیا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے یہ چیک کمانڈنٹ اے ایف آئی سی / این آئی ایچ ڈی میجر جنرل سہیل عزیز کے حوالے کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اے ایف آئی سی کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اے ایف آئی سی ملک کا ایک بہترین اثاثہ ہے ۔ اہل ثروت کو اس ادارے کی خدمات کو مزید موثر بنانے کیلئے بھر پور تعاون کرنا چاہیے ۔ چیئرمین سینیٹ حال میں اے ایف آئی سی میں زیرعلاج رہے ہیں اوروہاں سہولتوں میں بہتری کیلئے انہوں نے10 لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔