’’انضمام نے بیٹے کی سلیکشن کیلئے فون نہیں کیا‘‘

September 12, 2018

جونئیر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین باسط علی کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے اپنے بیٹے کی سلیکشن کے حوالے سے انہیں فون نہیں کیا، جبکہ انضمام کا کہنا ہےکہ بیٹے کی سفارش کا مطلب ہے کہ میں عہدے سے انصاف نہیں کر رہا۔

باسط علی نے ان خبروں کو من گھڑت قرار دیا جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ انہوں نے کسی سابق کرکٹر سے فون پر بات کی اور کہا کہ انضمام الحق نے اپنے بیٹے کی انڈر 19 ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے کے حوالے سے بات کی۔

چیئرمین جونئیر سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ میں حلفا ًکہتا ہوں کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے بیٹے کی سلیکشن کے حوالے سے مجھے فون نہیں کیا ،ساتھ ہی انہوںنے کہا کہ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ میں غلط ہوں اور میں نے کسی سے بات کی ہے تو مجھے کسی بھی گراؤنڈ پر لٹکا دیا جائے ۔

اس معاملے پر قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ بیٹے کی سفارش کا مطلب ہے کہ میں عہدے سے انصاف نہیں کر رہا ، ان کا مزید کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے، اگر میں نے بیٹے کی سفارش کی تو مجھے اپنے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔