پاک سوئس اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ ضروری ہے،عمران اسماعیل

September 13, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے سوئٹزرلینڈ کے قونصل جنرل فلپ کریوائسیر نے گورنر ہاو س میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران پاک سوئس باہمی تجارت،صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی موجودگی ،مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ پاک سوئس اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنر سند نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملک کی اقتصادی حالت بہتر بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنایا جاسکے۔ انہو ں نے کہا کہ ملک کے معاشی حب کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول میسر ہے اور یہاں سرمایہ کاری کی خواہش رکھنے والے سوئس سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔