عمران خان سمیعہ شاہد قتل کیس کی منصفانہ تفتیش کیلئے مداخلت کریں، ناز شاہ

September 13, 2018

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) بریڈ فورڈ ویسٹ سے لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے وزیراعظم عمران خان پر زور دیا ہے کہ وہ برٹش پاکستانی سمیعہ شاہد کی اپنے والدین اور سابق شوہر کے ہاتھوں مبینہ قتل کی منصفانہ تفتیش اور ملزمان کو قرار واقعی سزا کو یقینی بنانے کیلئے مداخلت کریں۔ سمیعہ شاہد کو2016 میں ایک شخص سید مختار کاظم سے شادی کرنے کیلئے اپنے پہلے شوہر چوہدری شکیل سے، جو اس کا کزن تھا، خلع لینے پر قتل کردیا گیا تھا، مقدمے میں پیش رفت نہ ہونے اور قتل کی اس واردات میں شریک نہ ہونے کے بیان پر چوہدری شکیل کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے، عمران خان کے نام خط میں انھوں نے لکھا ہے کہ سمیعہ شاہد کو پنجاب کے گائوں پنڈوری میں دوسال قبل عزت کے نام پر قتل کیا گیا۔ ناز شاہ اس سے قبل بھی سمیعہ شاہد اور برٹش پاکستان بیرسٹر فہد ملک کے قتل پر تشویش کا اظہار کرچکی ہیں، جنھیں دو سال قبل قتل کردیا گیا اور جن کا مقدمہ پاکستان میں زیر سماعت ہے۔