خلائی مخلوق کا خوف؟ امریکا میں اہم مشاہدہ گاہ بند، فورسز ہائی الرٹ

September 13, 2018

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست نیو میکسیکو میں قائم ایک اہم مشاہدہ گاہ کو پراسرار حالات میں بند کرکے ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی اور ماہرین نے اس کی کوئی وضاحت بھی جاری نہیں کی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں نے بھی پروازیں کی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل سولر آبزرویٹری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوئی وجہ بتائے بغیر ہی جمعرات کو بند کر دیا اور یہ اب تک بند ہے، علاقے کو لوگوں سے خالی کرا لیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین ارب نوری سال کے فاصلے پر قائم کہکشاں سے تواتر کے ساتھ آنے والے مضبوط سگنل موصول ہونے کے بعد حکام میں کنفیوژن پھیل گیا اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے خلائی مخلوق کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔ رپورٹ کے مطابق، اس مشاہدہ گاہ کے انتظامات اور دیکھ بھال امریکی جامعات کا فلکیات کے متعلق مشترکہ ادارہ ایسوسی ایشن آف یونیورسٹیز فار ریسرچ اِن ایسٹرونومی (اے یو آر اے) کرتا ہے۔ ایسوسی ایشن کی خاتون ترجمان شیری لفسن کا کہنا ہے کہ کچھ سیکورٹی مسائل کی وجہ سے مشاہدہ گاہ کو خالی کرایا گیا ہے۔ اوٹیرو کائونٹی میں قائم مشاہدہ گاہ کو اہم تصور کیا جاتا ہے۔ اوٹیرو کائونٹی کے پولیس افسر بینی ہائوس کا کہنا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر آبزرویٹری خالی کرائے جانے کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، لوگ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں، پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ متحرک اور چوکس رہیں تاہم کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے پر ایف بی آئی کا کنٹرول ہے، ہمیں کچھ نہیں بتایا جا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے پر بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز کی پروازیں بھی دیکھی گئی ہیں جبکہ مشاہدہ گاہ پر نصب اینٹینا پر کام کرنے کیلئے ماہر عملہ بھی طلب کیا گیا ہے۔ ٹوئٹر پر کئی لوگوں نے اس حوالے سے اپنے تاثرات شیئر کیے ہیں اور کہا گیا ہے کہ ممکن ہے کہ اس صورتحال کا تعلق حال ہی میں ناسا کی جانب سے سورج پر بھیجے گئے تحقیقی مشن میں آنے والی کچھ پیچیدگیوں اور مسائل سے ہو سکتا ہے۔ ایف بی آئی نے اس صورتحال کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آبزرویٹری مزید کئی دن تک بند رہ سکتی ہے۔