شاہ عبداللطیف یونیورسٹی ، مالی بحران ختم ہونے کے بعد اساتذہ کےمطالبات مان لیےجائیں گے،ترجمان

September 18, 2018

خیرپور(بیورو رپورٹ)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی مالی بحران کا شکا ر ہے۔یونیورسٹی اساتذہ ناجائز مطالبات منوانے کے لیے انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ مالی بحران ختم ہونے کے بعد اساتذہ اور ملازمین کے جائز مطالبات مان لیے جائیں گے یہ بات یونیورسٹی کے ترجمان محمد ابراہیم کھوکھر نے اپنے جاری کر دہ اعلامیے میں کہی ہے ۔محمد ابراہیم کھوکھر نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا ہے کہ اساتذہ یونیورسٹی کی تمام حالیہ صورتحال سے اچھی طرح باخبر ہیں اس کے باوجود انتظامیہ پر الزامات لگا رہے ہیں اور بحرانی صورتحال میں اپنے مطالبات منوانے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں انہوں نے کہاکہ اساتذہ کو چاہیئے کہ وہ احتجاج کرنے اور بیان بازی کرنے کی بجائے سب سے پہلے یونیورسٹی کی بحرانی صورتحال کو سمجھیں اور اپنا احتجاج بند کریں ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی وائیس چانسلر ڈاکٹر پروین شاہ یونیورسٹی کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے حکومت اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ۔یونیورسٹی کا بحران جلد حل ہوجائے گا اور اساتذہ و ملازمین کے تمام جائز مطالبات حل کر لیے جائیں گے۔