مانچسٹر میں یوم عاشور کے حوالے سے عَلم اور تعزیوں کا جلوس نکالا گیا

September 18, 2018

مانچسٹر( تنویر کھٹانہ/نمائندہ جنگ)محرم الحرام یوم عاشورکی مناسبت سے علم اور تعزیوں کا جلوس پلاٹ فیلڈ پارک سےنکالا گیا۔ جلوس ویمز لوروڈ اور کری میل سے ہوتا ہوا موس لین ایسٹ 404 ادارہ جعفریہ اسلامک سینٹر پر اختتام پزیر ہوا،جہاں مجلس سے علمائے کرام نے خطاب کیا۔ جلوس میں شیعہ کمیونٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی، گریٹر مانچسٹر جس میںبولٹن، اولڈھم، بری ، پرسٹن، سٹاکپورٹ، بلیک برن، بریڈ فورڈ، شفیلڈ اور برطانیہ کے دیگر شہروں سے بھی عزادار شریک تھے۔ جلوس کے راستے میںلنگر حسینی کا بھی انتظام تھا اور پانی و شربت کی سبیلیں لگی ہوئی تھیں،عزادار جلوس کے راستے میں مرثیے اور نوحے پڑھتے رہیں،جلوس کے راستے میں سیکورٹی کے اہلکاروں اور رضا کاروں نے بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ جلوس میں علمائے کرام ڈاکٹر سخاوت ، علامہ سید حسین رضا نقوی، سید قیصر عباس بخاری، سید افتخار حسین نقوی، سید امیر علی شاہ ، سید اظہر حسین شاہ، سید اکبر ساقی، سید ندیم عباس، سید سجادحیدر کاظمی، سابق کونسلر عمران رضوی ، کونسلر رب نواز اکبر، کونسلر حامد علی، محمد زمان غوری، ڈاکٹر تجمل ، ڈاکٹر عامر رضوی، ڈاکٹر نصیر عابدی، چوہدری ساجد علی جعفری، چوہدری جعفر اقبال، چوہدری صفدر محمود، سید قلب حسین شاہ ودیگر افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کربلا کلمہ حق کے لئے امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی شہادت کا تاریخ عالم میں ایک ایسا واقعہ ہے جس نے نہ صرف تہذیب عالم بلکہ ادبیات عالم پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ۔ حق وباطل کے اس معرکے میںنواسہ رسول اور ان کے رفقا نے قربانی کی لازوال مثالیں پیش کرکے دین اسلام کو بقائے دوام بخشی۔