بابا فرید گنج شکرؒ صاحب کرامت بزرگ تھے،قاری امین چشتی

September 18, 2018

لندن (پ ر) جامع مسجد اسلامک سینٹر سائوتھ آل لندن کے زیراہتمام قاری محمد امین چشتی السعیدی کی زیر نگرانی سالانہ عظیم الشان عرس مبارک حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔خواجہ آصف اور محمد فیصل چشتی نے منظوم ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ مبلغ اسلام شیخ طاہر شہاب الدین نے سیرت بابا فرید الدینؒ پر انگلش میں خطاب کیا۔ جمعیت علما جموں و کشمیر برطانیہ کے چیف آرگنائزر اور اسلامک سینٹر سائوتھ آل لندن کے خطیب قاری محمد امین چشتی السعیدی نے عرس کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ وہ عظیم روحانی اور صاحب کرامت شخصیت تھے جن پر زمانہ ہمیشہ فخر کرتا رہے گا۔ عین عالم شباب میں بابا نے بزرگی کا وہ اعزاز حاصل کرلیا تھا جو بہت سے لوگوں کو عمر تمام ہونے کے بعد بھی میسر نہیں آتا۔ قاری امین نے کہا کہ بابا فریدؒ نے سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ سے فیضیاب ہونے کے باوجود مجاہدات جاری رکھے۔ ان مجاہدات کا ایک ہی مقصد تھا کہ انسانی کردار میں استقامت پیدا ہو اور معرفت کے ان مقامات کا مشاہدہ کیا جاسکے جو عام انسانی آنکھ سے پوشیدہ رہتے ہیں۔ آپؒ کے یہ مشاہدات اور مجاہدات تصوف کی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حضرت بابا فرید کی عبادت و ریاضت کا یہ عالم تھا کہ عشاء کے وضو سے فجر کی نماز ادا کرتے تھے، ہر رات دو قرآن شریف ختم فرماتے تھے۔ نماز کے بعد طویل سجدے ادا کرتے تھے۔ اس بندگانہ شان کے باوجود حضرت بابا فرید کے انکسار کا یہ عالم تھا کہ اپنی مجالس میں عام لوگوں کے ساتھ چٹائی پر بیٹھ جاتے تھے، آپؒ کی تبلیغ سے ہزاروں غیر مسلم حلقہ بگوش اسلام ہوئے۔ آپؒ کا وصال پانچ محرم بروز منگل670ھ میں ہوا۔ آپ گنج شکر کے قلب سے مشہور ہیں۔ ہر سال آپؒ کے عرس مبارک کے موقع پر بہشتی دروازہ بھی کھولا جاتا ہے۔ لاکھوں مسلمان عرس مبارک کی تقریب میں شریک ہوکر آپؒ کے روحانی فیض سے فیض یاب ہوئے ہیں۔ آپؒ کا دربار پاکپتن شریف میں ہے۔ تقریب میں خواجہ محمد آصف شیخ، طاہر شہاب الدین، حاجی محمد خلیل چوہدری، محمد شفیق، محمد فیصل چشتی، محمد عامر ڈار اور مولانا محمدعلی نے شرکت کی۔جامع مسجد اسلامک سینٹر کے امام مولانا حافظ محمد عثمان نے اختتامی دعا کرائی۔ تقریب کے آخر میں لنگر تقسیم کیا گیا۔