جب تک فیصلہ نہ ہو جائے شکایت برقرار رہتی ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ ، اینکرنےپیمرا نوٹس کے خلاف درخواست واپس لے لی

September 18, 2018

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے دہشت گردوں سے روابط رکھنے والے سیاستدانوں سے متعلق انٹیلی بیورو کی مبینہ فہرست پروگرام میں دکھانے پر پیمرا کی جانب سے جاری نوٹس کے خلاف نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے اینکر ارشد شریف کی درخواست واپس لئے جانے کی بناءپر خارج کر دی ہے۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی تو درخواست گزار ارشد شریف اپنے وکیل شعیب رزاق کے ہمراہ فاضل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ شعیب رزاق ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسلام آباد میں پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس بن چکی ہے ، ہمارا موقف یہ ہے کہ آئی بی کو دوبارہ شکایت کا اندراج کرانا چاہئے۔ اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ جب تک فیصلہ نہ ہو جائے شکایت برقرار رہتی ہے اس لئے یہ استدعا قابل قبول نہیں ہے۔ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے پیمرا کی جانب سے جاری نوٹس کے خلاف درخواست واپس لینے کی استدعا کر دی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے پٹیشن خارج کر دی۔ واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن ارشد شریف نے اپنے پروگرام میں دہشت گردوں سے روابط رکھنے والے سیاستدانوں سے متعلق ایک خط دکھایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ خط آئی بی کا ہے۔ آئی بی کی شکایت پر پیمرا نے پروگرام کے میزبان ارشد شریف کو نوٹس جاری کیا تھا۔ ارشد شریف کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ اسلام آباد میں پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس موجود نہیں لہٰذا ان کے خلاف کارروائی کو روکا جائے۔