انتخابی معاملات کی چھان بین کیلئے کمیٹی کی تشکیل کے باعث اسمبلی میں بہترماحول،شیریں مزاری نے شیخ رشیدکواپنی سیٹ پربیٹھنے سے منع کردیا

September 19, 2018

اسلام آ باد (رانا غلام قادر،فاروق اقدس) الیکشن 2018میں انتخابی معاملات کی چھان بین کیلئے پار لیمانی کمیٹی کی منظوری کی وجہ سےقومی اسمبلی میں منگل کے روز بہتر ما حول دیکھنے کو ملا ۔اجلاس صبح دس کی بجا ئے 41منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔وزیر اعظم عمران خان اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی اپنی سیٹ پر آکر بیٹھ گئے۔ حکومتی ارکان نے ان کا ڈیسک بجا کر ان کا خیر مقدم کیا۔ ایک خا تون ایم این اے نے وزیر اعظم کے کان میں کوئی کام کہا اور چٹ دی جو انہوں نے اپنی جیب میں ڈال لی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معاملہ فہمی سے موثر انداز میں گفتگو کی اس دوران وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جا رحانہ لب ولہجہ اختیار کیا تو عمران خان نے انہیں اشارے سے منع کیا۔وزیر یلوے شیخ رشید، شیر یں مزاری کی نشست پر بیٹھنے لگے تو شیر یں مزاری نے انہیں منع کر دیا اور کہا کہ یہ میری نشست ہے جس پر شیخ رشید سامنے کی قطار میں اپنی مخصوص نشست پر چلے گئے۔ پا ر لیمانی کمیٹی کی تشکیل کے ایشو پر سپیکر اسد قیصر نے ایم ایم اے کی شاہدہ اختر علی کو بات کرنے کا موقع نہیں د یا تو ایم ایم اے کے ممبران نے کھڑے ہوکر شدید احتجاج کیا اور فلور ملنے تک اپنی نشستوں پر کھڑے رہے۔شیر یں مزاری ایک مرتبہ بولنے لگیں تومسلم لیگ (ن) کے شیخ روحیل اصغر نے پنجابی میں جملہ کسا ــــکہ ا یہہ عورت سارا پنڈ مرواد ے گی۔